عاشورہ: آج راستے بند، متبادل ٹریفک پلان جاری

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے آج 10 محرم الحرام یوم عاشورہ کے موقع پر جلوسوں کے شرکاء اور شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں، راستے بند ہونے پر متبادل ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے۔۔۔
ڈی سی دفتر میں قائم کنٹرول روم میں تمام محکموں کا سٹاف 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہے ، سی سی ٹی وی کیمروں سے شہر کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم جدید کنٹرول روم میں محرم کے جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی براہ راست مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کنٹرول روم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں،مانیٹرنگ سسٹمز اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے کنٹرول روم کے دورے کررہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کے مطابق کنٹرول روم کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ عاشورہ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے نظام پر ہمہ وقت نظر رکھی جا سکے ،ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں تمام جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ،جلوسوں کے راستوں میں مختلف مقامات پر سرکاری سبیلیں لگائی گئی ہیں جہاں پانی اور شربت موجود ہے ۔سڑکیں اور گلیاں بند ہونے پر متبادل ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے سی ٹی او کے مطابق گھنٹہ گھر اور اس کے آٹھوں بازاروں کے علاوہ چنیوٹ بازار چوک تا امام بارگاہ، چوک امام بارگاہ تا چناب چوک جھنگ روڈ، چنیوٹ بازار چوک تا کچہری بازار چوک، کچہری بازار چوک تا گمٹی چوک، گمٹی چوک تا پرانا کارپوریشن موڑ چوک اور جھنگ بازار چوک تا امام بارگاہ چوک، امام بارگاہ چوک تا کوٹھی طاہر شاہ چوک، عید گاہ چوک تا کوتوالی چوک، نشاط سینما چوک تا نڑوالہ والا چوک مکمل ٹریفک کیلئے نو گو ایریاز ہوں گے ،ستیانہ روڈ پر جھال چوک سے سلیمی چوک اور دیگر تمام مجالس اور جلوس سے ٹریفک کو خاص فاصلے پر رکھا جائے گا ،متبادل روٹس متعارف کروا ئے گئے ہیں جس کے تحت بائی پاسز سے تمام بڑی ٹریفک اور دیگر اضلاع میں جانے والی ٹریفک باآسانی گزر سکے گی ۔