ایشیائی ترقیاتی بینک کے 2رکنی وفد کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

ایشیائی ترقیاتی بینک کے 2رکنی وفد کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک کی سینئر نیچرل ریسورس اینڈ ایگریکلچر سپیشلسٹ نوریکو ساتو اور پرنسپل کومشن لیڈر شینگوکیمورا پر مشتمل 2رکنی وفدنے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا۔۔۔

 اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کی، جس میں زراعت کے شعبے اور غذائی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر عمران ارشد اور پروفیسر ڈاکٹر جعفر جسکانی بھی موجود تھے ۔ نوریکو ساتو نے زرعی شعبے میں ترقی اور غذائی عدم استحکام کے حل کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب میں پانچ سالہ لوکاربن زرعی میکانزم پراجیکٹ میں معاونت کر رہا ہے جو سپیڈبریڈنگ، ہائی ٹیک لیب ٹریننگ اور گرین ہاؤس گیسز امیشن پیمائش پر مشتمل ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یونیورسٹی کا اے ڈی بی کے ساتھ طویل المدتی تعاون رہا ہے جو زرعی ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں، پانی کی کمی، زمین کی بگڑتی ہوئی صحت اور دیگر چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی تحفظ اور پائیدار بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں