اقدامات کی بجائے فرضی تصاویر، پی ایچ اے کا انتظامیہ کو گمراہ کرنے کا انکشاف

 اقدامات کی بجائے فرضی تصاویر،  پی ایچ اے کا انتظامیہ کو گمراہ کرنے کا انکشاف

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے )فیصل آباد کی جانب سے جی پی ایس کیمرے کے باوجود پنجاب حکومت اور انتظامی افسران کو گمراہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔۔۔

عملی اقدامات کرنے کی بجائے پارکس اور گرین بیلٹس کی حالت سے متعلق پہلے اور بعد کی فرضی تصاویر بنائی جارہی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچراتھارٹی میں کام چوری اور غفلت کے بعد اب پنجاب حکومت ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر سمیت شہریوں کو بھی گمراہ کیا جا رہا ہے ، پی ایچ اے کے پاس افرادی قوت ،فنڈز اور وسائل موجود ہیں، ترقیاتی کاموں کیلئے بھی کروڑوں روپے کے فنڈز مختص ہیں لیکن صورتحال یہ ہے کہ گرین بیلٹس میں جنگلی جھاڑیاں اگ چکی ہیں ،پارکس سے ڈی واٹرنگ سیٹ کے ذریعے بارش کا پانی نہیں نکالا جارہا لیکن پی ایچ اے افسران و ملازمین جعلسازی کا سہارا لے کر افسران کو گمراہ کر رہے ہیں ، پی ایچ اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر کارکردگی رپورٹ کے طور پر جی پی ایس کیمرے سے لی گئی پہلے اور بعد کی تصاویر شیئر کی گئیں ہیں ،پی ایچ اے کی جانب سے نڑوالا روڈ کی تصویر شیئر کی گئی جو فرید کالونی اور گلشن کالونی کے پاس سے بنائی گئیں، جی پی ایس کیمرے کے مطابق پہلی تصویر 4 جولائی 2025 صبح 10 بجکر 52 منٹ پر بنائی گئی جس میں گرین بیلٹ گھاس سے مکمل طور پر خالی نظر آرہی اور اس تصویر کو پہلی تصویر کے طور پر شیئر کیا گیا ،دوسری تصویر جو بعد کی بنا کر پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ اب گرین بیلٹ کا کام مکمل کرلیا وہ 4 جولائی 2025 صبح 10 بجکر 54 منٹ پر بنائی گئی ، یعنی صرف دو منٹ میں کام مکمل کر لیا گیا۔در اصل دوسری تصویر افسران کو گمراہ کرنے کیلئے ایک اور جگہ محمد پورہ سے لی گئی جس کا جی پی ایس کیمرے نے پول کھول دیا ۔معاملے سے متعلق موقف کیلئے ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا معاملے کی انکوائری کروائی جائے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں