پارکنگ مسائل کے خاتمے کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جاسکے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پارکنگ مسائل کے خاتمے کے لیے کوئی اقدامات نہ ہوسکے فیصل آباد پارکنگ پلازہ فعال نہ ہوسکا گھنٹہ گھر میں ٹریفک کے داخلے پر پابندی کا منصوبہ بھی کوئی فائدہ نہ دے سکا شہری پارکنگ مسائل سے تنگ آگئے ۔
فیصل آباد میں پارکنگ مسائل کے خاتمے کے لیے ایک شاندار منصوبہ شروع کیا گیا سال 2015 میں پارکنگ پلازے کی تعمیر شروع کی گئی 12 کنال رقبے پر محیط 11 منزلہ پارکنگ پلازے کی تعمیر ایک سال میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا اس پلازے میں 12 کنال کے رقبے پر محیط 11 منزلیں تعمیر کی جانی تھی جس کی پہلی تین منزلوں پر 1761 موٹر سائیکلوں اور 1282 کاروں کے پارک کرنے کی سہولت مہیا کی جانی تھی یہ منصوبہ 10 سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی پورا نہ ہوا اس دوران متعدد کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز آئے اور تبدیل ہوگئے لیکن کوئی بھی پارکنگ پلازہ مکمل نہ کروا سکا سابق ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے خصوصی توجہ دی تھی مگر وہ بھی ناکام رہے شہر میں پارکنگ کی کوئی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے بے ہنگم پارکنگ کے باعث شہریوں کو ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں ان سے ملحقہ چھوٹی گلیوں گول بازاروں اور ارد گرد کے تجارتی مراکز سمیت ضلع کچہری اور اکاونٹ آفس میں آنے والے شہریوں کو گاڑیاں اور موٹرسائیکل پارک کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے گھنٹہ گھر کے بازاروں میں ٹریفک کے داخلے پر پابندی سے ٹریفک مسائل میں مزید اضافہ ہوچکا ہے ۔