ایف ڈی اے کا ریکوری مہم کے جائزہ کیلئے اہم اجلاس
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔۔۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ایک اجلاس کے دوران ریکوری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اہداف کے حصول کے لئے مقرر کردہ اقدامات پر عملدرآمد کی جانچ پڑتال کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، اسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی اے نے کہا کہ ادارہ کے مالی استحکام اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر احسن انداز میں عملدرآمد کیلئے مالی وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے ،لہذا نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی میں کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے واضح کہا کہ مختلف فیسوں، جرمانوں اور واجبات کی ادائیگی میں تاخیر یا لیت لعل کو خاطر میں نہ لایا جائے اور عدم ادائیگی پر نادہندگان کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ پلان، کمر شلائزیشن کی منظوری، غیر قانونی تعمیرات، ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلپمنٹ کے خلاف جرمانوں اور دیگر واجبات کی وصولی کے اعدادو شمار کے بارے روزانہ آگاہ کریں اس سلسلے میں انچارج افسران فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں۔