مساجد دین کا مرکز، خیر بانٹنے والے چراغ:عبدالرشید حجازی
گوجرہ (نمائندہ دنیا )مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ مساجد اﷲ کے گھر اور دین کی خدمت کے مراکز ہیں۔
جو نہ صرف عبادت بلکہ علم و عمل، اصلاح معاشرہ اور دعوت دین کے روشن چراغ ہوتے ہیں جو قیامت تک خیر بانٹتے رہیں گے ۔وہ چک نمبر 299 ج ب گوجرہ میں مولانا نیاز الٰہی گورسی کی زیرنگرانی تعمیر ہونے والی جامع مسجد خاتم النبیین اہلحدیث کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں مرکزی جمعیت اہلحدیث تحصیل گوجرہ کے عہدیداران مولانا عبدالقادر عثمان، حافظ محمد اسلم جٹ، چودھری خالد بھٹہ، میاں محمد افضل، مولانا شریف گجر، محمد طیب گجر، سابق ضلعی امیر حافظ عالمگیر، چودھری غلام رسول گجر سمیت علمائے کرام و معززین علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔مولانا عبدالرشید حجازی نے کہا کہ مسجد کی تعمیر جنت میں گھر بنانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ مسجد سازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ آخر میں ملکی سلامتی اور بیماروں و مرحومین کے لیے دعا کی گئی۔