ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس نہ ہوسکا:سینکڑوں اہل اساتذہ سروس ترقی سے محروم
فیصل آباد (بلال احمد سے )پنجاب بھر کے سینکڑوں اہل اساتذہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کا اجلاس نہ ہونے کے باعث سروس ترقی سے محروم ہو گئے ۔ متاثرہ اساتذہ کی جانب سے مختلف اضلاع سے بھیجی گئی۔
درخواستوں کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (ایلیمنٹری ایجوکیشن) پنجاب نے صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ڈی پی سی اجلاس فوری بلانے کی ہدایت کر دی ہے ۔17 مئی 2024 کے سرکاری حکم نامے کے باوجود بیشتر اضلاع میں ڈی پی سی اجلاس منعقد نہیں کیے گئے ، جس کے باعث پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی اور ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی کی سطح تک ترقیوں کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ کو موصول ہونے والی شکایات کے مطابق کئی کیسز تمام تقاضے پورے کرنے کے باوجود مہینوں سے التوا کا شکار ہیں، جس پر اساتذہ کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔پنجاب ٹیچرز یونین اور پی اے سی ٹی کی جانب سے بھی محکمہ سکول ایجوکیشن کو باقاعدہ درخواست دی گئی ہے کہ اس غیر معمولی تاخیر کا فوری سدباب کیا جائے ۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ترقی کے لیے قواعد و ضوابط پہلے ہی مرتب کیے جا چکے ہیں، اور ایسے میں صرف اجلاس نہ بلانا سینکڑوں اہل اساتذہ کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے ۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی 2 اپریل، 8 اپریل، 16 اپریل، 24 مئی اور 10 جون کو ایسے ہی ہدایت نامے سی ای اوز کو بھیجے جا چکے ہیں، مگر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث اساتذہ کی حق تلفی جاری ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری اس مراسلے میں تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو تاکید کی گئی ہے کہ تمام کوڈل کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس فوری طلب کیے جائیں تاکہ اہل اساتذہ کو ان کا جائز حق مل سکے ۔