تحصیل سپورٹس کمپلیکس اٹھارہ ہزاری کا افتتاح کردیاگیا
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال نے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرکے ہمراہ گزشتہ روزتحصیل سپورٹس کمپلیکس اٹھارہ ہزاری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر دیگر ضلعی افسروں و اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
مظفر خان سیال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سپورٹس کمپلیکس کاقیام عمل میں لایا گیا ہے ، 170 ملین روپے لاگت سے تعمیر ہونے والے سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ، فٹبال گراؤنڈ،بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال،اوپن جم،پلے لینڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں سپورٹس انفراسٹرکچر کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے ،صوبائی سیکرٹری سپورٹس نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کوکھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے مشن پر کاربند ہیں۔ تحصیل سپورٹس کمپلیکس اٹھارہ ہزاری کا قیام اسی سلسلہ کی اہم کڑی ہے اور علاقے کے نوجوانوں کے لیے تحفہ ہے ، یہ کمپلیکس مقامی سطح پر کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کوبہتر انداز میں ابھارے کے لئے بھی موزوں ہے ۔افتتاحی تقریب میں سپورٹس کے شوقین نوجوانوں، علاقہ مکینوں اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔