جگہ جگہ سیوریج بند ، واٹر سپلائی بدبودار، واسا خاموش

 جگہ جگہ سیوریج بند ، واٹر سپلائی بدبودار، واسا خاموش

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )واسا فیصل آباد سفید ہاتھی بن گیا،ناقص کارکردگی پر نا صرف ایم ڈی واسا بلکہ کمشنر و ڈپٹی کمشنر نے بھی آنکھیں موند رکھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر تمام محکموں سے زیادہ واسا کیخلاف شکایات ہیں لیکن مانیٹرنگ ٹیمیں بھی خاموش تماشائی بن چکی ہیں تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا فیصل آباد میں بے لگام ہوچکا ہے جو کسی بھی احتساب کے عمل سے باہر ہے محکمہ واسا کی کارکردگی کو بہتر کرنا کمشنر و ڈپٹی کمشنر کے بس سے باہر ہوتا جارہا ہے واسا کے کمپلینٹ سیل و واسا دفاتر میں آنے والی تمام شکایات ردی کی ٹوکری کی نظر ہوتی جارہی ہیں ایک جانب تو واسا نے ریکوری پر زور دے رکھا ہے عدم ادائیگی پر پانی کے کنکشنز منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ سیوریج بھی بند کردیا جاتا ہے دوسری جانب سروسز ناقص ترین ہیں بارش کے بعد سڑکیں پانی میں ڈوب جاتی ہیں اور کئی کئی ہفتے تک رہائشی علاقے پانی میں ڈوبے رہتے ہیں گٹروں کے پانی کے باعث شہری علاقے تعفن زدہ ہوچکے ہیں واٹر سپلائی کے پانی سے بدبو آتی ہے اور سیوریج کا پانی شامل ہوتا ہے ایسا پانی جو انسانوں تو کیا جانوروں کے لیے بھی مضر صحت ثابت ہو لیکن اس بدترین کارکردگی کے باوجود واسا افسران حیرت انگیز طور پر مطمعن نظر آتے ہیں اور سب اچھا کی راگ الاپتے نظر آتے ہیں واسا افسران متعدد شکایات کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہوتے شہریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق واسا کے پاس سیوریج لائنوں کا نقشہ بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے بحالی کا کام مشکل ہوجاتا ہے یعنی واسا افسران کو معلوم ہی نہیں ہے کہ کونسی سیوریج لائن کہاں سے ہوتی ہوئی کس سیوریج لائن سے ملتی ہے اگر کسی سیوریج لائن کی مرمت یا بحالی کے کام کی ضرورت پڑے واسا افسر پرانے سیور مینز یا بیلداروں سے مدد لیتے ہیں جو سیوریج لائنوں کی نشاندہی کرتے ہیں شہریوں نے ڈویژنل کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر سے واسا کی ناقص اور بدترین کارکردگی پر فوری نوٹس لیکراسے بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ دینے کامطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں