پیدائش و اموات کا اندراج 7 سال تک بلامعاوضہ: قرا ناصر
کمالیہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اقرا ناصر نے کہا ہے کہ برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن رولز 2025 کا مقصد شہریوں کو آسانی فراہم کرنا اور پیچیدہ عمل سے بچانا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی ہال میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسر دفاتر میں دستیابی یقینی بنائیں اور شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر عرفان ملک، حافظ مسعود جیلانی، نکاح رجسٹرارز، سیکرٹریز یونین کونسلز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ اب پیدائش و اموات کا اندراج 7 سال تک بلامعاوضہ ہوگا، کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ بھی مفت جاری کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ لیٹ اندراج پر کورٹ ڈگری کی شرط ختم، صرف 200 روپے فیس مقرر کی گئی ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے 1,000 اور غیر ملکیوں کیلئے 2,000 روپے فیس مقرر ہے ۔ تصحیح کی فیس 500 اور ڈوپلیکیٹ سرٹیفکیٹ کی فیس 200 روپے ہوگی۔