برصغیر میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر :مقررین
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ عبد الرشید حجازی ، قاری ارشد ، خالد محمود اعظم آبادی ، قاری بشیر عزیزی ، مولانا بہادر سیف ،حبیب اللہ عطار ، ڈاکٹر طارق عباس ، مولانا اکرام اللہ طور ودیگر نے یوم استحصال کشمیر پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
حق خودارادیت کی جد وجہد میں کشمیری عوام کی قربانیوں پر ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 انسانی تاریخ میں ایسا دن ہے کہ جس دن سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی ، غیر اخلاقی اور غیر انسانی طریقے سے عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔ کشمیری عوام کئی دھائیوں سے بھارتی و عالمی استعماری قوتوں کے گٹھ جوڑ سے ظلم وبربریت اور سفاکیت کا شکار ہیں ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت پر عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی انسانی تاریخ کی بد ترین مثال ہے ۔ برصغیر میں مستقل امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ۔ فلسطین اور کشمیر میں تمام بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پوری دنیا پر عیاں ہو چکی ہے مگر افسوس اقوام متحدہ ، انسان حقوق کی دعویدار تنظیمیں ، او آئی سی اور بین الاقوامی این جی اوز سب خاموش تماشائی بلکہ اسرائیل اور بھارت کو اسلحہ اور فنڈز فراہم کر کے مظلوم و محکوم عوام کے مدد کرنے کی بجائے انکے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں ۔ کشمیری و فلسطینی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ عالم کفر اپنی جگہ اگر 57 اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے خواب غفلت سے بیدار ہو کر کشمیری و فلسطینی عوام کی مدد نہ کی تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا ان شااللہ عنقریب کشمیر و فلسطین کی آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث اپنے کشمیری و فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد اور عالمی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔