یوم استحصال کشمیر پرضلع کونسل ٹو بہ میں خصوصی تقریب
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)یوم استحصال کشمیر پر ضلع کونسل ہال میں خصوصی تقریب ہوئی ۔ ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جمیل حیدر شاہ ،اے ڈی سی جی ذیشان لبھا مسیح ، سی او ضلع کونسل انور بیگ،سیاسی رہنما حارث امجد،ڈی ایس پی آفتاب صدیقی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جمیل حیدر شاہ نے کہا کہ ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، حکومت اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ، بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے ۔بعدازاں ضلع کونسل سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تمام سپیشل ایجوکیشن اداروں میں بھی یومِ استحصالِ کشمیرعقیدت کیساتھ منایا گیا۔ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سپیشل ایجوکیشن سکول برائے متاثرہ سماعت میں یکجہتی واک کی قیادت ضلعی فوکل پرسن حیدر علی نے کی۔ گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول چاہ شاموں والا کمالیہ میں پرنسپل عائشہ ریاض کی سرپرستی میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سابق پرنسپل بشیر ربانی، معلمین عابدہ پروین، ظہور عالم، رزاق علی تبسم اور اقبال کاٹھیہ اورسٹاف ممبران نے شرکت کی ۔ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے بھی اظہار یکجہتی واک کی گئی۔ گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار سلولرنرز اور ٹوبہ، کمالیہ، پیرمحل، گوجرہ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔