نصرت فتح علی خان ہسپتال میں عملے کی شدید قلت، علاج نہ ہونے سے مریض پریشان
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نصرت فتح علی خان ہسپتال فیصل آباد میں عملے کی شدید قلت نے علاج معالجے کی سہولیات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ہسپتال میں ریڈیولوجی سمیت متعدد اہم ڈیپارٹمنٹس کی منظور شدہ سیٹوں پر تاحال بھرتی نہیں ہو سکی۔۔۔
جس سے روزانہ آنے والے 1500 سے زائد مریضوں کو طویل انتظار اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ نصرت فتح علی خان ہسپتال فیصل آباد کے ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ میں ایکسرے ٹیکنیشین اور ریڈیوگرافر کی چاروں منظور شدہ سیٹیں خالی پڑی ہیں۔ ای سی جی ٹیکنیشین اور آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ کی تین جبکہ ہیڈ نرس کی دونوں سیٹیں بھی تاحال پُر نہیں کی گئیں۔ کلیریکل سٹاف کی بھی پانچ نشستیں خالی ہیں، یوں مجموعی طور پر 24 منظور شدہ سیٹوں پر کوئی تعیناتی نہیں ہو سکی، جس سے ہسپتال کی روزمرہ طبی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹاف کی کمی پرمریضوں کو ایک ہی شفٹ میں کئی کئی گھنٹے باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ بالخصوص ریڈیالوجی، آپریشن تھیٹر، اور ای سی جی یونٹس میں سروس کا معیار گرتا جا رہا ہے ، جہاں ایک ایک مشینری آپریٹر کو بیک وقت درجنوں مریض سنبھالنے پڑتے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عملے کی کمی دور کرنے کیلئے متعلقہ سی ای او ہیلتھ آفس کو تمام خالی اسامیوں کی فہرست اور تقرری کی سفارشات بھجوائی جا چکی ہیں تاکہ عملہ تعینات کیا جا سکے ۔ انتظامیہ نے اپنے نوٹیفکیشن میں واضح کیا ہے کہ یہ خالی اسامیاں ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کو متاثر کر رہی ہیں، جن پر فوری تقرری ناگزیر ہے ۔ شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ نصرت فتح علی خان ہسپتال میں سٹاف کی فوری بھرتی کی جائے تاکہ طبی سہولیات کی فراہمی میں تسلسل قائم رکھا جا سکے ۔