سوئی گیس عملہ کی غفلت ، لیکج مسائل کی شکایات عام

 سوئی گیس عملہ کی غفلت ، لیکج مسائل کی شکایات عام

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سوئی گیس عملے کی نااہلی کے باعث شہری خطرات کی زد میں آگئے ۔ لیکج کے مسائل کی بروقت نشاندہی اور شکایات کے باوجود عملے کی جانب سے ازالہ نہ کرنے پر سانحات کا سلسلہ جاری، یکے بعد دیگرے واقعات کے باوجود اعلیٰ حکام نے غفلت کی چادر اوڑھ لی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سوئی گیس کا عملہ نااہلی کی تصویر بن چکا ہے ۔ صارفین کی جانب سے شکایات کے ازالے کے لیے بروقت اقدامات نہ اٹھانا معمول کی بات ہے ۔ حالیہ واقعہ میں سمن آباد کے علاقہ میں سوئی گیس کی لیکج کے حوالے سے اہل محلہ کی جانب سے شکایات درج کروائی گئیں جس کے ازالے کے لیے کئی روز تاخیر سے پہنچنے والی ٹیم مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہی اور بعد ازاں تین روز قبل ایک گھر میں سیوریج لائن کے ذریعے سوئی گیس کچن میں جمع ہونے کے بعد آگ جلاتے ہی دھماکا ہوگیا جس میں ماں اور تین بچے شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 9 ماہ کا عون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا جبکہ دیگر تین جھلسنے والے افراد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں اس سے پہلے رمضان المبارک میں ڈی ٹائپ کے علاقہ کوریاں میں بھی اسی طرز کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں سوئی گیس کی لیکج سے متعلق اطلاع کے باوجود کسی نے کان نہ دھرے جسکے بعد ایک قریبی گھر میں گیس جمع ہونے سے دھماکا ہوگیا جس میں خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے اور کئی گھروں کو نقصان بھی پہنچا۔ شہریوں کی جانب سے پے در پے واقعات اور حکام بالی کی مجرمانہ خاموشی پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کی غفلت کے باعث شہریوں کی زندگیاں خطرات سے دوچار ہو چکی ہیں۔ شکایات کے ازالے کے لیے غیر ضروری تاخیر کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جس کی حالیہ واقعہ میں بھی مثال موجود ہے ۔ تاہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے نہ ہی کوئی کارروائی کی جاتی ہے اور نہ ہی نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کا محاسبہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے اوگرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے تمام واقعات کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور ملوث ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں