محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی روایتی غفلت،پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد مزید بڑھ گئی
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے)محکمہ داخلہ اور پنجاب حکومت کی توجہ اور احکامات کے باوجود محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال نے روایتی غفلت نہ چھوڑی جس کے باعث پیشہ ورگداگروں کے خلاف کارر وائیاں نہ ہوسکیں۔
محکمے کا اینٹی بیگری سکواڈ فرضی رپورٹس اور کاغذی کارروائی سے ہی کام چلانے لگا شہر بھر کے ٹریفک سگنلز اور گلی محلوں میں پیشہ ور بھکاریوں کی بھرمار ہے ۔ متعدد بار پنجاب حکومت اور محکمہ داخلہ کی جانب سے پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنے کے احکامات دئیے گئے لیکن فیصل آباد میں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد کم ہونے کی بجائے بڑھتی جارہی ہے شہر کے چوک چوراہوں اور ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کی ناک میں دم کررکھا ہے پیشہ ور بھکاریوں کے گروہ مستحق بن کر شہر بھر کے مختلف رہائشی اور کمرشل علاقوں میں بھی بھیک مانگتے ہیں جس کی وجہ سے اصل ضرورت مند اور مستحقین کی حق تلفی ہورہی ہے اینٹی بیگری سکواڈ کیلئے سول ڈیفنس کے ملازمین اور سپیشل ایجوکیشن کی گاڑی کا بھی استعمال کیا جاتا ہے لیکن پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد کم نہیں ہورہی حالیہ فیصلے کے مطابق حکومت نے گداگری کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی سربراہ سارہ احمد کی ہدایت پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ10 بجے سے رات 11 بجے تک متحرک رہیں گی پنجاب اسمبلی نے گداگروں کے خلاف قرارداد بھی منظور کی ہے اور منظم گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔