آلودہ پانی کے زرعی استعمال پر ماہرین کی شدید تشویش
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ماہرین نے آلودہ پانی کے زرعی استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
یہ انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے ۔ اس مسئلے کے حل کیلئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجی کو عام کرنا ناگزیر ہے ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی زیر صدارت اجلاس میں واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر سہیل قادر چیمہ، جائیکا (جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی) کے تین رکنی وفد، واسا کے ڈپٹی ایم ڈی (انجینئرنگ) ثاقب رضا اور یونیورسٹی کے ڈینز و ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں زرعی یونیورسٹی میں ایک جدید اور ماحول دوست ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام پر مشاورت کی گئی، جس کا مقصد پانی کے ضیاع کو روکنا اور زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے ۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ آلودہ پانی کا زرعی استعمال انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے ۔ یونیورسٹی میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا قیام ایک اہم پیش رفت ہو گا جو تحقیقاتی سرگرمیوں اور پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دے گا۔