ہسپتالوں کے گارڈز کا تیمارداروں پر تشدد ، واقعات میں اضافہ
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)سرکاری ہسپتالوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز کی جانب سے تیمارداروں پر تشدد کے واقعات بڑھنے لگے ، جس سے خوف کی فضا قائم ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق الائیڈ، سول، جنرل سمیت مختلف سرکاری ہسپتالوں میں حالیہ دنوں معمولی باتوں پر گارڈز اور لواحقین میں جھگڑے شدت اختیار کر گئے ۔ وارڈ میں داخلے ، ملاقات کے وقت، یا دواؤں کی فراہمی میں تاخیر جیسے معاملات پر شروع ہونے والی بحث اکثر ہاتھا پائی میں بدل جاتی ہے ، جس سے مریض اور اہل خانہ دونوں اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق بعض گارڈز اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے لواحقین کو دھمکاتے ، تشدد کرتے یا زبردستی باہر نکال دیتے ہیں۔ کئی واقعات موبائل کیمروں میں بھی ریکارڈ ہوئے ہیں جن میں عملے کا غیر انسانی سلوک واضح نظر آتا ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کی اخلاقی تربیت کی جائے ، واضح اصول وضع ہوں اور ہر شکایت کی غیر جانبدارانہ انکوائری کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مریضوں اور تیمارداروں کو تحفظ اور عزت مل سکے ۔