عوامی ریلیف،شفاف عملدرآمد انتظامیہ کی ترجیح :نعیم سندھو
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ و ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد نے پیرا فورس کی اہمیت، مقاصد اور حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے کہا کہ پیرا فورس کا بنیادی مقصد عوامی فلاح، مؤثر گورننس اور فوری انصاف کی فراہمی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فورس ناجائز تجاوزات، پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف متحرک کردار ادا کرے گی، جبکہ قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پیرا فورس ضلعی سطح پر ایک مؤثر اور مربوط ایکشن ماڈل کے طور پر کام کرے گی، جہاں محکموں میں کوآرڈینیشن کو کلیدی اہمیت حاصل ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی ریلیف اور شفاف عملدرآمد انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔پیرا فورس کی افتتاحی تقریب 9 اگست کو ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوگی، جس میں ضلعی و صوبائی حکام، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان کی شرکت متوقع ہے ۔