گرمیوں کی تعطیلات میں اضافے پر نجی سکول مالکان کے تحفظات
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک اضافے کے فیصلے پر نجی سکول مالکان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ اضافی چھٹیاں تعلیمی نظام میں خلل ڈالنے کا باعث بنیں گی، جس سے نہ صرف طلبہ کا نصاب نامکمل رہ جائے گا بلکہ سالانہ امتحانات کی تیاری بھی متاثر ہوگی۔نجی اسکول ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ تعلیمی سیشن پہلے ہی محدود دورانیے کا ہے ، ایسے میں مزید تعطیلات طلبہ کی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور پالیسی سازی سے قبل تعلیمی اداروں کو اعتماد میں لیا جائے ۔والدین کی ایک بڑی تعداد نے بھی اضافی چھٹیوں کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بچوں کی پڑھائی کا تسلسل ٹوٹنے سے ان کا معیار تعلیم متاثر ہو گا۔واضح رہے کہ حالیہ شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ تعلیم پنجاب نے گرمیوں کی تعطیلات میں اضافہ کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام سکول یکم ستمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔