ہائر سیکنڈری سکول غلام آبادکے فنڈزخودبرد،ریکارڈ تبدیل
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول غلام آباد میں سابق پرنسپل اور ساتھی کیخلاف کرپشن کے الزامات پر ہونے والی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی، جس میں لائبریری فنڈ میں خودبرد، کلاس رومز کے درجنوں بینچوں کی گمشدگی اور ریکارڈ میں بے۔۔۔
ضابطگیوں کے انکشافات کیے گئے ہیں۔ سکول کے سابق پرنسپل ظہور جوہر اور انکے ساتھی عظمت حسنین کیخلاف مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے شکایت گزار ٹیچر لطیف انجم کی درخواست پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے احکامات پرانکوائری کمیٹی مرتب کی گئی جس نے رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کردی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سکول میں لائبریری سکیورٹی کے نام پر بینک سے ایک لاکھ 23 ہزار 900 روپے نکالے گئے ، مگر انکی تقسیم کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں پایا گیا، سکول کے ریکارڈ میں طلبہ کے 844 بینچ درج تھے مگر صرف 802 کی ہی تصدیق ہو سکی۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ سٹیم لیب کیلئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ میں کسی مالی بے ضابطگی کا ثبوت نہیں ملا تاہم سکول کی بارڈر وال پر باربیڈ وائر صرف جزوی نصب پائی گئی۔ سال 2022-23 کیلئے کانٹنگنٹ گرانٹ کا ریکارڈ 10 لاکھ 61 ہزار روپے کا موجود ہے ۔ انکوائری پینل نے مجموعی طور پر کچھ الزامات کو جزوی طور پر ثابت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شکایت میں اٹھائے گئے نکات شفافیت کا فقدان ظاہر کرتے ہیں، قواعد کے مطابق سابق پرنسپل کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ تعلیمی اداروں میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے ۔