ٹوبہ ٹیک سنگھ:شہر بھر میں سٹریٹ لائٹس کا نظام درہم برہم
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)میونسپل کمیٹی کے متعلقہ عملے کی عدم توجہی کے باعث شہر بھر میں سٹریٹ لائٹس کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ، جس کے نتیجے میں رات کے اوقات میں پورا شہر اندھیروں میں ڈوبا رہتا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ماضی میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر کی تمام آبادیوں میں سٹریٹ لائٹس نصب کی گئی تھیں، جو ہر رات باقاعدگی سے روشن کی جاتی تھیں۔ اس کے علاوہ مختلف محلوں کو جانے والی مین سڑکوں پر بڑی اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی گئی تھیں۔ تاہم غفلت اور عدم دیکھ بھال کے باعث محلہ مصطفی آباد، اقبال نگر، بخشی پارک، ہاؤسنگ کالونی سمیت دیگر گلی محلوں میں نصب تمام اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے خراب پڑی ہیں۔اندھیروں کے باعث ان علاقوں میں گھر سے باہر نکلنے والے شہری چوروں اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے کے خطرے سے دوچار ہیں، جبکہ راہگیر بھی شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے ۔