آج یکم ستمبر سے عشرہ ختم نبوت کا آغاز ، کانفرنسیں ،سیمینار ہو نگے
چناب نگر (نامہ نگار )ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے دور میں پارلیمنٹ کے تاریخی فیصلے کے تحت قادیانی و لاہوری مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کی یاد میں انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے زیر اہتمام آج یکم ستمبر سے عشرہ ختم نبوت کا آغاز ہو گیا ہے۔۔۔
جو 10 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ 7 ستمبر کو ‘‘یوم ختم نبوت’’ اور 6 ستمبر کو یومِ دفاع پاکستان شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی دفتر جامعہ عثمانیہ چناب نگر سے جاری بیان میں مرکزی ترجمان و نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے بتایا کہ عشرہ ختم نبوت کے دوران ملک بھر اور بیرونِ ممالک میں اجتماعات، سیمینارز، کانفرنسیں اور جلسے منعقد ہوں گے ، جن کا مرکزی اجتماع 7 ستمبر کو چناب نگر میں ہوگا۔ترجمان کے مطابق کانفرنس میں اندرون و بیرون ملک سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام، وکلاء، دانشور اور صحافی شرکت کریں گے ۔ کانفرنس میں خصوصی طور پر مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج (مدینہ منورہ) اور مولانا عبدالرؤف مکی (مکہ مکرمہ) شریک ہوں گے ، جبکہ پاکستان بھر سے مختلف مکاتب فکر کے سرکردہ علماء کرام اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی موجود ہوں گے ۔شرکاء میں حضرت پیر عبدالرحیم نقشبندی، پیر میاں محمد اجمل قادری، پیر حبیب اللہ نقشبندی، مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا زبیر احمد صدیقی، مفتی محمد طیب، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا فہیم الحسن تھانوی، علامہ عبدالشکور رضوی سمیت دیگر معروف شخصیات شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ یہ تاریخ ساز کانفرنس وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور اتحادِ امت کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کرام قادیانیوں کو اجتماعی طور پر دعوتِ اسلام دیں گے ۔