کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا تحصیل احمد پور سیال کا دورہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر نے تحصیل احمد پور سیال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈی پی او بلال افتخار کیانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور دریا کے نشیبی علاقوں میں سیلاب متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔اس موقع پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ ضلع میں ریسکیو کی 51، پاک فوج کی 22 اور ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پرائیویٹ 58 بڑی کشتیاں ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ رات کے وقت بھی نشیبی علاقوں میں انتہائی مشکل حالات کے باوجود ریسکیو ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔بعد ازاں کمشنر نے کلینک آن وہیلز اور فلڈ ریلیف کیمپس میں طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔