چلڈرن ہسپتال : سکیورٹی گارڈ بچوں کے بلڈ ٹیسٹ کرتا رہا، ویڈیو منظر عام پر آگئی

چلڈرن ہسپتال : سکیورٹی گارڈ بچوں کے بلڈ ٹیسٹ کرتا رہا، ویڈیو منظر عام پر آگئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں سنگین غفلت کا انکشاف ہوا ہے جہاں سکیورٹی گارڈ اپنی اصل ڈیوٹی کے بجائے بچوں کے بلڈ ٹیسٹ کرتا رہا۔

پتھالوجی لیب ون میں خون کے نمونے وصول کرکے مشین میں ڈالنے والے سکیورٹی گارڈ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ ایم ایس نے واقعہ سامنے آنے پر فوری طور پر انکوائری کا حکم جاری کردیا۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ نجی کمپنی سے تعلق رکھنے والا باوردی سکیورٹی گارڈ زبیر مریضوں کے خون کے نمونے وصول کر رہا ہے ، حتیٰ کہ وہ لواحقین سے بچوں کی بیماری کے بارے میں پوچھ گچھ بھی کرتا رہا۔ حیران کن امر یہ ہے کہ اس دوران متعلقہ طبی عملہ اپنی ڈیوٹی سے غائب تھا۔ شہریوں اور طبی ماہرین کے مطابق ناتجربہ کار گارڈ کو اس حساس ذمہ داری پر لگانا بچوں کی صحت کے ساتھ کھلا مذاق ہے ۔واقعے نے نہ صرف ہسپتال انتظامیہ بلکہ محکمہ صحت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ۔ایم ایس ڈاکٹر عامر نوید نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا سکیورٹی گارڈ کو معطل کردیا گیا ہے اور ڈیوٹی پر موجود عملے کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے ۔ مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے ۔دوسری جانب مریضوں کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ہسپتال انتظامیہ اور ذمہ دار عملے کو کڑی سزا دی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں