غفلت اور ناقص حکمتِ عملی ،سمندری میں ٹریفک نظام مفلوج
سمندری (نمائندہ دنیا )ٹریفک پولیس کی غفلت اور ناقص حکمتِ عملی کے باعث شہر کا ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے ۔ مرکزی شاہراہوں اور کاروباری مراکز پر بے ہنگم پارکنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار شہری سہولت کے بجائے صرف چالان کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔کچہری بازار، گھنٹہ گھر چوک، سول ہسپتال گیٹ سمیت اہم مقامات پر ویگنوں، رکشوں اور کاروں کی غلط پارکنگ نے ایمبولینسوں کے گزرنے تک میں دشواری پیدا کر دی ہے ۔ عوامی حلقوں نے چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک پولیس کو شہر کے اندر مؤثر ڈیوٹی پر مامور کیا جائے اور غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔