سیلاب متاثرین کی بحالی، تجاوزات کیخلاف اقدامات کی ہدایت
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں، بحالی اقدامات اور قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔
پیرافورس کی جانب سے بازاروں اور مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر محمود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی و بحالی سرگرمیوں، پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے افسران کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں جبکہ پیرافورس تجاوزات کے خاتمے کے لیے فیلڈ میں متحرک رہے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بحالی اور ریلیف سرگرمیاں متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہیں گی۔