کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ذریعے منشیات کے خاتمے کا عزم
کمشنر فیصل آ باد کی زیر صدارت اجلاس ،دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی شرکت
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور، پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و رکن صوبائی اسمبلی شہریار اعوان اور ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر مظہر نے کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ارکان اسمبلی چوہدری عارف محمود گل، عظمیٰ جبیں راجہ، سید ذوالفقار علی شاہ، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، علی گوہر بلوچ، راجہ دانیال، فقیر حسین ڈوگر، عمر اسرار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
پارلیمانی سیکرٹری شہریار اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے قیام سے صوبے سے منشیات کا خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔ لاہور میں لانچنگ کے بعد فیصل آباد ڈویژن میں بھی فورس جلد کام شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا پھیلاؤ تعلیمی اداروں سے نکل کر دیہاتوں تک پہنچ چکا ہے ، جسے روکنے کے لیے فورس کا دائرہ ضلعی سطح تک وسیع کیا جا رہا ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اور اس سلسلے میں انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی۔