فیصل آباداور فلوریڈا کی یونیورسٹیوں میں زرعی تحقیقی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
زراعت کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر :ڈاکٹر ایڈورڈ ایوانز ، معاہدہ سنگ میل ثابت ہوگا :وی سی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر ذوالفقار،سیمینار سے دیگر کا بھی خطاب
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امریکا کی یونیورسٹی آف فلوریڈا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین زرعی ترقی اور تعلیمی و تحقیقی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ یادداشت پر دستخط ڈائریکٹر ٹروپیکل تحقیقی و تعلیمی سنٹر فلوریڈا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ایڈورڈ ایوانز اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کئے ۔ مزید برآں اس حوالے سے ڈیپارٹمنٹ آف ایریگیشن اینڈ ڈرینج، فیکلٹی آف ایگریکلچر انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیراہتمام بین الاقوامی سیمینار برائے ‘‘سمارٹ فارمنگ’’ منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد زمان، ڈاکٹر صدام حسین اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر محمد تحسین اظہر بھی موجود تھے ، جبکہ چین کے سائنسدانوں نے آن لائن خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹر ایڈورڈ ایوانز نے کہا کہ زراعت کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ فلوریڈا یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔ یونیورسٹی آف فلوریڈا کے ڈاکٹر ہیمناٹ بیبل نے پریسیژن واٹر مینجمنٹ اور اے آئی ایپلی کیشن کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی بارے آگاہ کیا۔ ڈین کلیہ انجینئرنگ ڈاکٹر انجم منیر نے کہا کہ پریسیژن ایگریکلچر کی ٹیکنالوجی اور اس کا اطلاق کاشتکاری کے نظام میں جدت لا رہا ہے ۔ ڈاکٹر رائے نیاز، ڈاکٹر عدنان شاہد نے بھی اظہار خیال کیا۔