عارضی تعینات اساتذہ کو اصل سکولوں میں واپس جانیکا حکم
فیصلے کے بعد درجنوں اساتذہ کی عارضی تعیناتی کے احکامات منسوخ کر دئیے گئے
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصلآباد نے مختلف دفاتر اور سکولوں میں عارضی طور پر تعینات اساتذہ کو اپنے اصل تعلیمی اداروں میں واپس جانے کا حکم دے دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد درجنوں اساتذہ کی عارضی تعیناتی کے احکامات منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔سی ای او، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر دفاتر میں تعینات تمام اساتذہ کی ڈیوٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر اپنے بنیادی سکولز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں تمام ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کریں۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور تدریسی عمل کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے ۔