مثالی کارکردگی دکھانے پر فلڈ ریلیف تعریفی ایوارڈز دینے کا اعلان،ڈی سیز سے نامزدگیاں طلب
کمشنر نے آفیسرز،آفیشلز،این جی اوز ، پرائیویٹ افراد کی خدمات کے اعتراف کیلئے 25نومبر تک نامزدگیاں طلب کرلیں، کمیٹی ناموں کی جانچ اور ایوارڈز تقسیم تقریب کا اہتمام کرے گی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر راجہ جہانگیر انور نے فیصل آباد ڈویژن میں حالیہ سیلاب کے دوران سرکاری ونجی شعبہ سے غیر معمولی اور مثالی سروسز فراہم کرنے والوں کو فلڈ ریلیف تعریفی ایوارڈز دینے کا اعلان کردیا۔کمشنر نے اس ضمن میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے 25 نومبر تک نامزدگیاں طلب کرلیں۔ڈپٹی کمشنرز کے نام مراسلہ میں کہاگیا ہے کہ تعریفی ایوارڈز کا مقصدضلعی انتظامیہ کے سیلابی اقدامات میں عزم وہمت سے سروسز فراہم کرنیوالے آفیسرز،آفیشلز،این جی اوز اور پرائیویٹ افراد کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے ۔
کمشنر نے بتایا ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں میں شفافیت کے حوالے سے ڈویژنل ایوارڈ کمیٹی بھی قائم کی جارہی ہے ۔کمیٹی اضلاع کی طرف سے فراہم کردہ ناموں کی جانچ اور ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کرے گی۔ ڈویژنل انتظامیہ کا یہ اقدام عوامی خدمت کے تسلسل کو قائم رکھنے میں ممدومعاون ثابت ہوگا جس میں مزید معنی خیزتجاویز کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا ۔سیلابی صورتحال میں ریسکیو اور شہریوں کے انخلا،حفاظتی مقامات کی مینجمنٹ، طبی امداداوراشیائے خورونوش کی رسد اور سپلائی چین کی معاونت میں قابل ذکر کردار اداکرنیوالے افسر،ملازمین،این جی اوز اور نجی شعبہ کے افرادایوارڈز کے اہل ہونگے جس کیلئے انکے اقدامات پر مشتمل مختصرتفصیل اورچیلنجز سے نبردآزماہونے کی تصاویر،ویڈیوز کے ثبوت طلب کئے گئے ہیں۔