پتوں اور گرین ویسٹ کو آگ لگانے کا سلسلہ بند نہ ہوسکا
کینال روڈ پر نہر کنارے لگائی گئی آگ سے درخت متاثر ،کارروائی نہ ہوئی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایک جانب سموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کے دعوے تو دوسری جانب درختوں کے پتوں اور گرین ویسٹ کو آگ لگانے کا سلسلہ بند نہ ہوسکا ۔کینال روڈ پر نہر کنارے لگائی گئی آگ سے متعدد درخت متاثر ہوئے لیکن محکمہ ماحولیات یا پی ایچ اے کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کی گئی تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں فصلوں کی باقیات یا گرین ویسٹ کو جلانے پر مقدمات کا اندراج کروانے کا اعلان سامنے آیا تھا لیکن شہر کے وسط سے گزرنے والے مین کینال روڈ کی گرین بیلٹ میں اس پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آتا سموگ کی شدت کے باوجود کنال روڈ سے ملحقہ گرین بیلٹ میں آگ لگنا معمول ہی بن چکا ہے نامعلوم افراد کی جانب سے مختلف اوقات میں مختلف جگہوں پر آگ لگائی جاچکی ہے ایسی آگ سے ایک جانب تو ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے تو دوسری جانب درختوں کو بھی نقصان ہوتا ہے مگر پی ایچ اے یا محکمہ ماحولیات کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔