ٹو بہ :ڈپٹی کمشنر کا ہسپتال کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ
ادویات کی دستیابی، معیار اور ریکارڈ چیک کیا ،متعلقہ عملے کو ہدایات جاری
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی، سرجیکل، میڈیکل وارڈز سمیت دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے علاج، ادویات اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور موقع پر ہی متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔ فارمیسی کا دورہ کرتے ہوئے ادویات کی دستیابی، معیار اور ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور مفت ادویات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔عمر عباس میلہ نے زیر تعمیر ٹراما سنٹر اور برن یونٹ کے وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔