جڑانوالہ پبلک فورم کا این اے 96 کے مسائل حل کرنے پر زور
شہری مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ضرورت :شر کا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جڑانوالہ پبلک فورم کے پلیٹ فارم کے زیر اہتمام چیئرمین عبدالوحید بھٹی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فورم کے ممبران مہر آصف نذیر ایڈووکیٹ، سہیل انجم، ملک عمران ماؤں، شیخ کامران، بابر پھگواڑ، حاجی محمد عرفان اور دیگر افراد نے شرکت کی۔اجلاس میں حلقہ این اے 96 جڑانوالہ کے دیرینہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے امیدواران این اے 96 کی توجہ جڑانوالہ کے بڑے اور عوامی نوعیت کے منصوبوں کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ میں آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام نوجوانوں کے مستقبل کے لیے نہایت ضروری ہے۔
جڑانوالہ تا فیصل آباد الیکٹرک بس سروس کی منظوری سے ٹرانسپورٹ کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔سول ہسپتال جڑانوالہ کی فوری اپ گریڈیشن عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے ۔شرکا نے کہا کہ دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ فورم کے ممبران نے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات میں عوامی نمائندے ان مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں تاکہ جڑانوالہ جدید سہولیات سے آراستہ اور ترقی یافتہ شہر بن سکے ۔