علامہ اقبالؒ کے بغیر ملک کا تعارف نا مکمل :صاحبزادہ سلطان احمد
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) خانوادہ سلطان باہوؒ کے سجادہ نشین، فکر اقبالؒ کے سفیر اور چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ، صاحبزادہ سلطان احمد علی نے سینئر ٹیوٹر آفس کے قرأت و نعت کلب اور کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام \"نوجوان اور فکر اقبال\" پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں میں فکر اقبالؒ کے فروغ سے آج بھی انہیں عظیم دانشور، مفکر اور فلاسفر کی رہنمائی میں دنیا کی عظیم قوم بنانے کا راستہ مل سکتا ہے ۔
علامہ اقبالؒ پاکستان کا ایسا روشن چہرہ ہیں جس کے بغیر ملک کا تعارف مکمل نہیں ہوتا۔ اقبالؒ صرف شاعر نہیں بلکہ ان کے ہمہ گیر کلام کی بدولت عالمی سطح پر مفکر اور ہیرو کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنی صلاحیتوں کو انسانیت اور معاشرت میں بہتری کے لیے استعمال کر کے اقبالؒ کا حقیقی شاہین ثابت کریں۔زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ اقبالؒ کے کلام نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد، عظیم خوابوں کی تعبیر کے لیے جدوجہد اور خود احتسابی کا سبق دیا ہے ۔ پاکستان اقبالؒ کی صورت میں بین الاقوامی شناخت کا حامل ہے اور نوجوانوں کو ان کے افکار کو زندہ رکھتے ہوئے دنیا میں عقیدت اور پذیرائی کو فروغ دینا چاہیے ۔پرنسپل آفیسر سٹوڈنٹ افیئر ڈاکٹر ریاض ورک نے کہا کہ فکر اقبال کی روشنی نوجوان نسل میں منتقل کر کے معاشرتی تاریکیوں کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ذہنی تناؤ کا شکار نوجوان اگر اقبالؒ کے افکار کے ساتھ منسلک ہوں تو معاشرے میں پھیلی ناہمواریوں کے باوجود اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ نوجوان نسل میں اقبالؒ کے شاہین کی خصوصیات پیدا کرنے کے لیے دانستہ کاوشیں بروئے کار لانا ضروری ہیں۔