شہر کا بیوٹیفکیشن پراجیکٹ ، تاخیر پر ڈی سی کا سخت نوٹس
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ ہر صورت مارچ کے اختتام تک مکمل کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے نیسپاک کو دن رات کام کرنے اور مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ فساڈ، لائٹنگ، ٹف ٹائل اور گرین بیلٹس سے متعلق فائنل ورکنگ دو دن کے اندر پیش کی جائے تاکہ کام میں مزید تاخیر نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف روزانہ کی بنیاد پر بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی پیش رفت خود مانیٹر کر رہی ہیں، اس لیے کام کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی تاریں کسی صورت نظر نہیں آنی چاہئیں اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔