حکمرانوں کو قائداعظمؒ کے افکار اپنانا ہونگے :مذہبی رہنماء

  حکمرانوں کو قائداعظمؒ کے افکار اپنانا ہونگے :مذہبی رہنماء

ملک کو قرآن و حدیث کے مطابق چلایا جائے :عبدالرشید حجازی ، خالد محمود

 فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بلند پایہ سیاستدان، مفکر اور دانشور تھے جنہوں نے دو قومی نظریے کے تحت مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ مملکت کا حصول ممکن بنایا،حضرت قائداعظمؒ کا یوم ودلات ہمیں اتحاد، ایمان اور جہد مسلسل کے سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے ۔ حکمرانوں کیلئے ان کی اصول پسندی، دیانت و افکار و نظریات کو اپنانا ضروری ہے ، قائداعظم نے مسلمانوں کو نہ صرف سیاسی شعور دیا بلکہ انہیں متحد کرنے کے ساتھ ساتھ ہمت اور حوصلہ بھی دیا۔

جاری مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے انمول تحفہ ہے جو قائداعظم اور دیگر اکابرین کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ،بدقسمتی سے آج سیاستدان اور حکمران طبقہ ملک کو توڑنے اور قوم کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنماؤں نے زور دیا کہ پاکستان کو خالص عقیدہ توحید اور قرآن و حدیث کے مطابق چلانا ہوگا، تبھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔  

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں