ایف ڈی اے کا کالونیوں اور مارکیٹس میں تجاوزات کیخلاف آپریشن
مدینہ ٹاؤن میں دکانداروں کی طرف سے رکھی گئی عارضی تجاوزات ہٹادی گئیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ، اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گزشتہ روز مدینہ ٹاؤن میں امتیاز شہید روڈ پر تمام عارضی تجاوزات ختم کر دیں اور دکانداروں کاسڑکوں اور راستوں میں رکھا گیا کاروباری سامان قبضے میں لے لیا جبکہ تجاوزات میں ملوث دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی نگرانی میں اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا اور دیگر سٹاف پر مشتمل اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
مدینہ ٹاؤن میں بعض دکانداروں نے کاروباری سامان رکھ کر سڑکوں کو بند کر رکھا تھا، جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا اور کاؤنٹرز، جنگلے ، بینچ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ۔ دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت بھیج دیئے گئے ۔ایف ڈی اے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دکاندار اپنی حدود کے اندر کاروبار کریں اور سڑکوں و راستوں کو بلاوجہ نہ روکیں بصورت دیگر فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔