وزیر تعلیم پنجاب سے ڈی ای اوز فیصل آباد کی خصوصی ملاقات
سرکاری سکولوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے مزید بھرپور محنت کی جائے : رانا سکندر حیات
بلوچنی (نمائندہ دنیا)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے ڈی ای اوز فیصل آباد محمد ذاکر اور محمد وسیم ساجد نے خصوصی ملاقات کی ہے اور اس دوران ضلع کی تعلیمی ترقی اور جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری فیصل آباد محمد وسیم ساجد اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری محمد ذاکر نے خصوصی ملاقات کی اور فیصل آباد میں اپنی تعیناتی کے دوران کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں نے دونوں ڈی ای اوز کے مؤثر اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق سرکاری سکولوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے مزید بھرپور محنت کی جائے۔
محمد وسیم ساجد اور محمد ذاکر نے بتایا کہ فیصل آباد کے تعلیمی اداروں کے تعلیمی اور انتظامی معیار میں بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ، سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، بچوں کو سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات کئے گئے ہیں، جس سے تعلیمی اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکولوں سے بوگس میڈیکل لیو، ایکس پاکستان لیو اور میٹرنٹی لیو جیسی پریکٹسز کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، سکولوں میں بچوں سے ہر قسم کے غیر قانونی فنڈز کی وصولی پر پابندی اور بچوں کو جسمانی سزا نہ دینے پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا گیا ہے ۔