سمندری :ڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافی رقوم وصولی کی شکایات

سمندری :ڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافی رقوم وصولی کی شکایات

اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر غیر قانونی ٹھیلہ سیل، ڈی ایس پی ٹریفک کا انکوائری کا اعلان

سمندری (نمائندہ دنیا)ریسکیو 15 بلڈنگ میں قائم ٹریفک پولیس کے دفتر میں مبینہ طور پر ڈرائیونگ لائسنس فیس کے نام پر پرائیویٹ کارندوں کے ذریعے اضافی رقوم وصول کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ زائد پیسے نہ دینے پر غیر سرکاری افراد بدمعاشی، تلخ کلامی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے ،شکایات کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر نے پیرا فورس انچارج مریم بتول کو کارروائی کی ہدایت کر دی جس پر پیرا فورس آفیسر نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک وارڈن دفتر کے باہر قائم غیر قانونی ٹھیلے کو سیل کر دیا۔

دوسری جانب اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی ٹریفک نے بھی واقعہ کی انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ٹریفک پولیس آفس کے کسی اہلکار کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈی ایس پی ٹریفک نے واضح کیا کہ شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے صرف سرکاری فیس جمع کروائیں اور لائسنس بنوانے کیلئے کسی بھی پرائیویٹ فرد کی باتوں میں نہ آئیں، لائسنس برانچ کا کسی بھی پرائیویٹ شخص یا کارندے سے کوئی تعلق نہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں