جڑانوالہ:ایلیمنٹری سکول کی چار دیواری کی تعمیر کا افتتاح
حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے :بلال بدر چودھری
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ کے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 233 گ ب میں چار دیواری کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی ایم این اے بلال بدر چودھری ، ایم پی اے خان بہادر ڈوگر، کوآرڈینیٹر وزیرِ تعلیم ہاشم توصیف ، سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ ذاکر اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالغفار نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں بلال بدر چودھری نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ اور سرکاری سکولوں میں تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
ہاشم توصیف خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے بھر کے سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے خصوصی فنڈز جاری کر رہی ہیں تاکہ کوئی بھی تعلیمی ادارہ ترقی سے محروم نہ رہے ۔ چار دیواری کی تعمیر سے بچوں کیلئے محفوظ، بہتر اور توجہ طلب تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔اس موقع پر ایم پی اے خان بہادر ڈوگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سکول کونسل کے اراکین، سماجی و مذہبی شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد افتتاحی تقریب میں موجود تھی۔