بھوانہ :ڈی پی او کی جامع مسجد بہار مدینہ میں کھلی کچہری
مسجد میں لوگوں کے مسائل سننا حضرت محمدؐ کی سنت ہے :ڈاکٹر نوید عاطف ضلعی پولیس سربراہ کا تھانہ کوٹ وساوا کا دورہ، افسروں کو ہدایات جاری
چنیوٹ، بھوانہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا) چنیوٹ کی ضلعی پولیس کے کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے گزشتہ روز جمعتہ المبارک کے موقع پر جامعہ مسجد بہار مدینہ چک نمبر 144 میں کھلی کچہری لگائی جس میں ایس ایچ او تھانہ کوٹ وساوا،انچارج کمپلینٹ سیل،دیگر پولیس افسروں اور نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کروائی،ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل کو درخواستوں کی دادرسی یقینی بنوا کرفالواپ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او نے پنجاب پولیس کی مختلف سروسز سے متعلق شرکاء کو آگاہی دی۔ ۔ڈی پی او نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ مسجد میں کھلی کچہری لگانا حضرت محمد ؐ کی سنت ہے تاکہ آپ کے مسائل آپ کے پاس آکر سن کر حل کئے جائیں ، کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے ۔شہری معاشرتی واخلاقی برائیوں ، جرائم پیشہ عناصر سے متعلق اطلاع دے سکتے ہیں ۔اہل علاقہ نے مساجد میں کھلی کچہریوں کے اقدامات کو سراہا ہے ۔ علاوہ ازیں ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے تھانہ کوٹ وساواکا اچانک دورہ بھی کیا۔
دوران وزٹ شہریوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فراہم کردہ پولیس سروسز کے طریقہ کار کو چیک کیا گیا۔ڈی پی او نے تھانہ کی عمارت، حوالات، فرنٹ ڈیسک اور ریکارڈ کی چیکنگ کی اوروہاں موجود لوگوں کے مسائل سنے اور پولیس سروسز کے حوالے سے فیڈ بیک لیا۔ڈی پی او نے تھانہ کی حوالات میں موجود ملزموں سے استفسار کیا اورمتعلقہ افسروں کو کسی بھی بیگناہ شخص کو حراست میں نہ رکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے پولیس سٹیشن عملہ کوضروری ہدایات جاری کیں۔