جھنگ: ڈی ایچ کیو ہسپتال ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کا فقدان
شہریوں کی شکایات اور دوسرے شہروں میں ریفرلز معمول،نوٹس لینے کامطالبہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کے فقدان کے باعث شہری شدید پریشان ہیں اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، ڈی ایچ کیو ہسپتال ایمرجنسی وارڈ انتظامیہ کی غفلت اور عدم دلچسپی کے سبب مریضوں کو مناسب علاج معالجہ فراہم کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے ۔ وارڈ میں آنے والے سیریس مریضوں کو بغیر مکمل چیک اپ کے دیگر شہروں میں ریفر کیا جاتا ہے ، جس کے باعث متعدد مریض راستے میں ہی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں اور تمام ادویات باہر سے منگوائی جارہی ہیں۔ مریض ذلیل و خوار ہو رہے ہیں جبکہ محکمہ صحت کے افسران اور ہسپتال انتظامیہ صحت کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کر رہے ہیں، جن میں حقیقت موجود نہیں۔شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ کو مکمل فعال بنایا جائے اور وہاں آنے والے مریضوں کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔