عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ اور پرامن جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
چناب نگر میں آئین کے نفاذ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے :قاری شبیر ودیگر
چناب نگر (نامہ نگار) خدامِ ختم نبوت پاکستان کے سرپرست اور مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت چناب نگر کے بانی مولانا قاری شبیر احمد عثمانی اور خدامِ ختم نبوت کے چیئرمین مولانا علامہ محمد قادری نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد پرامن انداز میں جاری رکھیں گے ۔ مختلف فتنہ انگیز عناصر اسلام کی بنیادوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور استعماری قوتوں کی بالادستی کے خواہاں ہیں۔ قادیانی عناصر پاکستان میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ملکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ قادیانیوں کے حوالے سے آئین اور قومی اسمبلی کی متفقہ قراردادیں موجود ہیں اور اکابرینِ امت و سیاست اس معاملے پر واضح مؤقف رکھتے ہیں۔
حکمرانوں اور سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ملک کی نظریاتی اساس کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ آئین و قانون کے تحت بعض سرگرمیوں پر پابندیاں عائد ہیں، اس کے باوجود چناب نگر جیسے حساس شہر میں مبینہ طور پر مختلف طریقوں سے مذہبی جذبات کو متاثر کرنے کی کوششوں پر دینی و مذہبی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئین کے نفاذ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے ۔