حج انتظامات حتمی مراحل میں، عازمین کیلئے تربیتی نشستوں کا آغاز
انٹرنیشنل زوم حج کانفرنس میں امریکہ، برطانیہ اور خلیجی ممالک سے عازمین کی شرکت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سرکاری و پرائیویٹ حج سکیم کے تحت سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق حج 2026 کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ سعودی حکومت کی جانب سے انتظامات بروقت مکمل کرنے پر تحسین بھی کی گئی ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹر نے عازمین حج کے لیے تربیتی نشستوں کا آغاز کر دیا ہے ۔اس سلسلے میں کاروان اشرفیہ سکھیرا اور کاروان سیف اللہ حج گروپ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل زوم حج کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں پاکستان سمیت امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، یورپ اور خلیجی ممالک سے بڑی تعداد میں پاکستانی عازمین حج نے شرکت کی۔کانفرنس سے ممتاز عالم دین شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد یوسف خان، معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ، ممتاز معالج ڈاکٹر سلیم ناصر، مذہبی اسکالر حافظ محمد شفیق کاشف اور ڈائریکٹر کاروان اشرفیہ محمد صداقت نے خطاب کیا۔ شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان نے قرآن و سنت کی روشنی میں فضائلِ حج اور اس کی فیوض و ثمرات پر تفصیلی گفتگو کی۔
قاسم علی شاہ نے کہا کہ سفرِ حج دنیا کے دیگر اسفار سے مختلف ہے ، یہ مالی اور بدنی عبادت کے ساتھ ساتھ ایک روحانی سفر ہے جو انسان کی زندگی بدل دیتا ہے ۔ حافظ محمد شفیق کاشف نے کہا کہ عازمین حج کے لیے تربیتی نشستوں میں شرکت ناگزیر ہے اور سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق بہترین خدمات اور انتظامات کے لیے سعودی ٹائم لائن بڑی معاون ثابت ہو رہی ہے ۔ڈاکٹر سلیم ناصر نے عازمین حج کو سعودی حکومت اور وزارتِ مذہبی امور پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ابتدائی تیاری کے حوالے سے مفید طبی مشورے دیے ۔ ڈائریکٹر کاروان اشرفیہ محمد صداقت نے خطاب کرتے ہوئے اور عازمین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کی تعلیمات اور ہدایات پر عمل کر کے سفرِ حج کو مزید آسان بنایا جا سکتا ہے ۔