چلڈرن ہسپتال میں آپریشن، تالا نگلنے والے بچے کی جان بچا لی گئی
چنیوٹ کے رہائشی 3 سالہ زوہان نے چار روز قبل کھیلتے ہوئے تالا نگل لیا تھا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) کھیل کھیل میں چار روز قبل تالا نگلنے والے تین سالہ بچے کی جان بچا لی گئی۔ چلڈرن ہسپتال کی لیڈی سرجن ڈاکٹر نگینہ شہزادی نے کامیاب اور پیچیدہ آپریشن کے ذریعے بچے کے جسم سے تالا نکال دیا۔متاثرہ بچے کے لواحقین کے مطابق چنیوٹ کے رہائشی تین سالہ زوہان نے چار روز قبل کھیلتے ہوئے تالا نگل لیا تھا۔ ابتدائی طور پر مقامی ڈاکٹر نے اینڈوسکوپی کے ذریعے نیٹ وائر کے ذریعے بچے کے معدے سے تالا نکالنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران تالا گلے میں پھنس گیا۔ بعد ازاں بچے کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا۔
جہاں سے اسے جنرل ہسپتال غلام محمد آباد منتقل کر دیا گیا۔ وہاں ماہر سرجن کی عدم دستیابی کے باعث بچے کو ایک نجی ہسپتال بھیج دیا گیا۔اسی دوران چلڈرن ہسپتال کی چائلڈ اسپیشلسٹ سرجن ڈاکٹر نگینہ شہزادی کو آپریشن کے لیے طلب کیا گیا، جنہوں نے اپنی مہارت سے کامیاب آپریشن کر کے تالا نکال دیا اور معصوم بچے کی جان بچا لی۔ ڈاکٹر نگینہ شہزادی کے مطابق آپریشن کامیاب رہا اور زوہان کی حالت خطرے سے باہر ہے ، جس کے بعد بچے کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔