ٹوبہ : سال بھر میں 209فوڈ پروڈکشن یونٹس بند،بھاری جرمانے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 41,378 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی۔ ان میں سے 209 یونٹس کی پروڈکشن بند کی گئی اور 72 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
علاوہ ازیں، 4,595 فوڈ پوائنٹس پر 4 کروڑ 66 لاکھ 76 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔کارروائیوں کے دوران 9,836 کلو گوشت، 42 ہزار لٹر دودھ، 700 کلو مصالحہ جات، 2,700 لٹر آئل اور 15,700 لٹر پانی تلف کیا گیا۔ علی الصبح ناکہ بندیوں کے دوران 12,200 دودھ سپلائر گاڑیوں میں موجود 32 لاکھ لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا جبکہ 2,827 دکانوں میں موجود 35 ہزار کلو گوشت کی جانچ بھی کی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق نے کہا کہ گزشتہ سال میں جعل ساز اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں اور غذائی دہشت گردوں کو سخت سرکوبی کا نشانہ بنایا گیا۔ ساتھ ہی فوڈ آپریٹرز اور صارفین کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رکھے گئے ہیں۔