جھنگ : غیرقانونی گیس ریفلنگ پوائنٹس ، منی پٹرول پمپس کا جال
شہر خوفناک بارود خانے میں تبدیل کریک ڈاؤن کیا جائے :شہریوں کامطالبہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جھنگ شہر اور اس کی گنجان آبادیوں میں غیرقانونی گیس ریفلنگ پوائنٹس اور منی پٹرول پمپس کھلے عام چل رہے ہیں، جس نے پورے شہر کو ایک خوفناک بارود خانے میں تبدیل کر دیا ہے ۔ ماضی میں آگ لگنے اور دھماکوں جیسے سنگین واقعات کے باوجود متعلقہ اداروں کی پراسرار خاموشی نے عوام میں شدید غصہ اور بے چینی پیدا کر دی ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ رہائشی محلوں، دکانوں اور تنگ گلیوں میں بغیر کسی سیفٹی سٹینڈرڈ کے گیس سلنڈر ری فل کیے جا رہے ہیں اور پٹرول بغیر لائسنس فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ سول ڈیفنس اور پولیس اہلکار سب کچھ دیکھنے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ اہلکار کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر مالی مفادات کے عوض آنکھیں بند کر لیتے ہیں، جس سے یہ خطرناک کاروبار مزید فروغ پا رہا ہے۔
شہریوں نے سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بڑے سانحے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کی براہِ راست ذمہ داری ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس اور پولیس پر عائد ہوگی۔عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ، تمام غیرقانونی پوائنٹس کو سیل کیا جائے اور اس جرم میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ چشم پوشی کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ عوامی نمائندوں اور سماجی تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو شہری احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے ۔