والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں ، عظمیٰ کاردار

 والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں ، عظمیٰ کاردار

پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی

فیصل آباد(نیوز رپورٹر )وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا حکومتِ پنجاب کا پختہ عزم ہے ۔ یہ بات وزیرِ اعلیٰ کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عظمیٰ کاردار نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر بھی ہمراہ تھے ۔عظمیٰ کاردار نے کہا والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں کیونکہ پولیو کے دو قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ پنجاب بھر میں انسدادِ پولیو مہم کی خود نگرانی کر رہی ہیں،کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ غلط رپورٹنگ یا فرائض میں کوتاہی پرسخت کارروائی ہوگی۔ پولیو ورکرز ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہے ہیں۔انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو ناگزیر قرار دیتے کہا میڈیا عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے فیصل آباد میں انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا والدین پر لازم ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور قومی فریضہ ادا کریں۔ ہمارا ہدف پنجاب کے ہر بچے تک رسائی ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو۔فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے ایوننگ اجلاس کی صدارت بھی کی، مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرندیم ناصر نے مہم کے اہداف پر بریفنگ میں بتایامہم کے پہلے روز4 لاکھ89ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے ضلعی انتظامیہ کی تمام مشینری پولیو مہم کی مؤثر مانیٹرنگ پر مامور ہے ۔ پانچ سال تک کے ہر بچے تک رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پولیوٹیمیں گھرگھرجاکرقطرے پلارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں