سیوریج نظام درہم برہم ،علاقہ مکین مشکلات کا شکار
گورنمنٹ گرلز سکول کے سامنے گندا پانی جمع، بیماریاں پھیلنے کا خدشہ
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی ) نواحی علاقہ 11-9 ڈبلیو بی میں گزشتہ چھ ماہ سے سیوریج کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہے ، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گورنمنٹ گرلز سکول کے عین سامنے سیوریج کا گندا پانی جمع رہنے سے طالبات، شہریوں اور نمازیوں کا گزرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق اوور فلو سیوریج کے باعث سڑک تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے ، جس سے اسکول آنے جانے والی طالبات کے یونیفارم خراب ہو رہے ہیں جبکہ قریبی مسجد میں نماز کے لیے جانے والے نمازیوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گندا پانی جمع رہنے سے شدید تعفن پھیل چکا ہے اور مچھروں و جراثیم کی افزائش کے باعث وبائی اور جلدی بیماریوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔متاثرہ شہریوں نے واسا حکام کی مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد بار تحریری اور زبانی شکایات کے باوجود تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر سیوریج نظام کی مرمت اور مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا ہے ۔