شبِ برات پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی،فیسکوکے خصوصی انتظامات
فیسکوچیف انجینئر عامر کی ہدایات پرریجن بھر میں شکایات ازالہ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل
فیصل آباد(نیوز رپورٹر )فیسکو ریجن میں شبِ برات کے بابرکت موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر عامر کی ہدایات پرصارفین کو مسلسل بجلی کی فراہمی اور شکایات کے بروقت ازالے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ فیسکو چیف نے حکم دیا کہ شبِ برات کے دوران کسی بھی قسم کی ایل ٹی / ایچ ٹی بریک ڈاؤن، صارفین کی شکایات یا ہنگامی صورتحال پربجلی کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین پوری یکسوئی، خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت کر سکیں۔۔ انہوں نے اس حوالے سے فیسکو کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز (آپریشنز) اور ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بجلی کی سپلائی اور شکایات ازالے کے عمل کی مسلسل نگرانی کریں۔
مزید برآں تمام سب ڈویژنل آفیسرز کو بھی ہدایت جاری کی گئی کہ وہ ٹرانسفارمر ٹرالیاں اور ضروری ٹی اینڈ پی /پی پی ایز ہر وقت دستیاب رکھیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں خراب ٹرانسفارمر یا دیگر آلات کو فوری طور پر تبدیل کر کے بجلی کی روانی برقرار رکھی جا سکے ۔فیسکو ترجمان سعید رضاکے مطابق صارفین اپنی بجلی سے متعلق شکایات اندراج کیلئے فیسکو سمارٹ ایپ، ہیلپ لائن نمبر 118، ٹال فری نمبر 0800-66554 اور ایس ایم ایس سروس 8118 استعمال کر سکتے ہیں۔ فیسکو سٹاف فوری کارروائی کرے گا اور صارفین کی شکایات کا ازالہ کرے گا۔